ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کام کرنا چاہتے ہیں تو کریں یا پھر اپنے محکموں میں لوٹ جائیں، بی بی ایم پی میں تعیناتی پر آنے والے افسروں کو پرمیشور کی وارننگ

کام کرنا چاہتے ہیں تو کریں یا پھر اپنے محکموں میں لوٹ جائیں، بی بی ایم پی میں تعیناتی پر آنے والے افسروں کو پرمیشور کی وارننگ

Fri, 02 Nov 2018 23:58:53    S.O. News Service

بنگلورو، 2؍نومبر(ایس او نیوز) نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر جی پرمیشور نے برہت بنگلور مہانگر پالیکے میں مختلف سرکاری محکموں سے تعیناتی پر آئے ہوئے افسروں کی کاہلی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں متنبہ کیا ہے کہ وہ ٹھیک طرح سے کام کرنا ہے تو کریں یا پھر اپنے اپنے محکموں میں لوٹ جائیں۔

شہر میں گندگی کی نکاسی کے سلسلے میں بی بی ایم پی کو بارہا ہائی کورٹ کی لتاڑ کے بعد صورتحال کا جائزہ لینے آج کمشنر منجوناتھ پرساد اور میئر گنگامبیکے کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران نائب وزیراعلیٰ نے مختلف محکموں سے بی بی ایم پی میں آئے ہوئے افسروں کی لاپروائی کے متعلق شکایت پر وارننگ دی ۔ ڈاکٹر پرمیشور نے کہاکہ بی بی ایم پی کو بارہا عدالت کی طرف سے جس طرح کی سرزنش کا سامنا کرنا پڑ رہاہے اس سے مایوسی ہوتی ہے، اگر اس سلسلے میں اعلیٰ افسر تعاون کریں گے تو حالات کو کچھ حد تک بہتر بنایا جاسکتا ہے، نائب وزیراعلیٰ کے اس بیان کے بعد جب اسپیشل کمشنر رندیپ ، جوائنٹ کمشنر سرفراز خان اور دیگر نے انہیں سمجھانے کی کوشش کی تو ڈاکٹر پرمیشور برہم ہوگئے اور کہاکہ آپ لوگوں کو کام کرنا ہی نہیں آتا، شہر بنگلور کو گندگی سے مکمل طور پر پاک کرنا ہے یہ کام کرسکتے ہیں تو کریں یا پھر اپنے اپنے محکموں میں لوٹ جائیں۔

انہوں نے کہاکہ گندگی کی نکاسی کا ٹنڈر ایک ایک وارڈ کی سطح پر طلب کیا جائے، ضرورت پڑنے پر اس کے لئے نجی اشتراک بھی کیاجائے اور یہ یقینی بنایا جائے کہ عوامی مقامات پر کوئی گندگی پھینک نہ سکیں۔ اگر تنبیہ کے بعد بھی گندگی پھینکنے کا سلسلہ جاری رہا تو پھینکنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ اس سلسلے میں اب تک کئی مرتبہ ہدایت دی گئی ہے، لیکن اب تک کسی نے اس پر توجہ نہیں دی۔ نائب وزیراعلیٰ نے کہاکہ شہر میں گندگی کی نکاسی کا مسئلہ اگر حل نہیں ہوپایا تو دیگر محکموں سے بی بی ایم پی میں آنے والے افسروں کے بارے میں سنجیدگی سے سوچنا پڑے گا۔ 


Share: